حیدرآباد (جیوڈیسک) قومی عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے کہ آج ہماراملک ڈرون حملوں، خودکش بمباروں، وڈیروں، چوہدریوں، دہشت گردوں اور موقع پرستوں کا مرکز بن چکا ہے، صوبوں کے عوام کے دلوں میں جو خواہش تھی کہ برابری اور انصاف کی بنیاد پر معاشرے میں بہتر زندگی گزاریں وہ انہیں حاصل نہیں ہوسکی ہے۔
اپنے بیان میں ایاز پلیجو نے کہا کہ آئین میں 20 ترامیم آچکی ہیں، چار مرتبہ مارشل لاء کا نفاذ ہوا، عوام نے جمہوریت، عدلیہ کی آزادی اور میڈیا کے لئے شاندار کردار ادا کیا مگر عوام کو حقوق ملنے کے بجائے پہلے سے زیادہ ظالم، جابر اور کرپٹ حکومتیں اقتدار میں آتی رہیں جنہوں نے ہر دور میں عوام کے جمہوری حقوق اور آزادی کو سلب کیا، انہوں نے کہ گزشتہ 67 سال میں ملک میں ایسی جمہوریت نہیں آئی جو عوام کے سامنے جوابدہ ہو، انہوں نے کہا کہ 1940ء کی قرارداد کے مطابق تمام محکموں بشمول پانی، بجلی، پٹرول، کوئلہ، گیس، بندرگاہ، کمیونیکیشن، کوسٹل لائینز اور دیگر معدنیات کو تقسیم کیا جائے، وفاقی حکومت کے پاس صرف دفاع، وزارت خارجہ اور معاشی شعبے ہونے چاہئیں اور صوبائی خودمختاری پر تمام قوموں کو برابری کی بنیاد پر حقوق دیے جائیں۔