اسلام آباد (جیوڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں پرامن مظاہرین پر ریاستی طاقت کا استعمال قابل مذمت ہے اور اگر حالات مزید خراب ہو گئے تو فوج کو ہی بلانا پڑے گا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حکومت نے تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنوں کو ریاستی تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اپنے لئے مسائل پیدا کر دیئے ہیں، امریکا اور برطانیہ میں بھی وزیراعظم اور ایوان صدر کے باہر احتجاج ہوتا ہے۔
اگر مظاہرین کی جانب سے پرامن احتجاج کیا جارہا تھا تو انہیں تشدد کا نشانہ بنانے کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں اور حکومتی پالیسیوں کے ستائے عوام صبح حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلیں گے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے قومی اسمبلی میں فوج کے حوالے سے غلط بیانی سے کام لیا، وزیر اعظم نے کہا کہ آرمی چیف کا چوہدری نثار علی کی موجودگی میں فون آیا۔
اور انہوں نے عمران خان اور طاہر القادری سے ملنے کا کہا جس کے بعد آئی ایس پی آر نے واضح کر دیا کہ حکومت نے خود آرمی چیف کو معاملے کے حل کے لئے سہولت کار کا کردار ادا کرنے کا کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی اس غلط بیانی کے بعد انہیں وزارت عظمیٰ کے عہدے پر رہنے کا جواز نہیں بنتا۔