کراچی (جیوڈیسک) وفاقی حکومت نے سانحہ اسلام آباد کے الزام میں تحریک انصاف اور عوامی تحریک کی قیادت کے خلاف دہشت گردی اور دیگر سنگین الزامات کے تحت مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے حکومتی قانونی ٹیم معاملے کا جائزہ کے رہی ہے۔ اہم ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی حلقے اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ عمران خان، طاہرالقادری، چوہدری برادران، شیخ رشید اور دیگر اتحادی جماعتوں کی قیادت پر ریاست کے خلاف عوام کو اکسانے اور بغاوت کے الزامات کے تحت مقدمات درج کیے جائیں۔
تاہم اس کی حتمی منظوری قانونی مشاورت مکمل ہونے اور حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اعلیٰ حکومتی شخصیت کی اجازت کے بعد دی جائے گی، گرین سگنل ملتے ہی ان جماعتوں کی قیادت کے خلاف مقدمات کا اندارج ہوگا اور ان رہنماؤں کو گرفتار کیا جائے گا۔
وزیر اعظم جلد اس سانحے پر قوم سے خطاب کریں گے، اس معاملے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کے کمیشن کے قیام کی تجویز زیرغور ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اہم حلقے اس صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں اور حالات کی بہتری کے لیے وہ اپنا اہم کردار کسی بھی وقت ادا کرسکتے ہیں۔