نواز شریف کسی جتھے کی بنیاد پر وزیر اعظم نہیں بنے :خرم دستگیر

Khurram Dastgir

Khurram Dastgir

گوجرانوالہ (جیوڈیسک) وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کسی جتھے کی بنیاد پر وزیر اعظم نہیں بنے بلکہ انہیں ڈیڑھ کروڑ عوام نے اپنے ووٹوں سے منتخب کیا ہے، پارلیمان میں بیٹھے ہوئے نوے فی صد نمائندے جمہوری نظام اور منتخب حکومت کے ساتھ ہیں۔اسلام آباد میں چند ہزار کا مجمع اکٹھا کر کے وزیر اعظم کو استعفے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا، جائز مطالبات تسلیم کر لینے کے باوجود دھرنے والوں کی ضد اور ہٹ دھرمی سے ثابت ہو گیا کہ دھرنے والوں کا مقصد انتخابی اصلاحات نہیں بلکہ منتخب حکومت کو گرانا تھا۔

معاشی استحکام کیلئے کی جانے والی 14 ما ہ کی حکومتی کاوشوں کو دھرنا سیاست نے 14دن میں شدید نقصان پہنچادیاہے ،ڈالر کی قیمت بڑھنے سے ملکی قرضوں میں 350ارب کا اضافہ ہوچکا،سٹاک مارکیٹ میں 450ارب روپے ڈوب گئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کی ان تھک محنت کی وجہ سے ملکی معیشت کے تمام اعشاریئے مثبت جا رہے تھے لیکن ہوس اقتدار میں مبتلا ایک گروہ ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن گیا۔حکومت کی اب بھی کوشش ہے کہ دھرنے کے شرکا ء کسی قسم کے نقصان کا سامناکئے بغیرصحیح سلامت اپنے گھروں کو واپس جائیں۔