گجرات کی خبریں 30/8/2014

Gujarat

Gujarat

کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن شمائل احمد خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان عظیم جدوجہد اور لاکھوں قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا

گجرات(جی پی آئی) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن شمائل احمد خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان عظیم جدوجہد اور لاکھوں قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ہے ، آزاد وطن کے حصول کیلئے ہمارے آبائو اجداد نے سخت ترین مشکلات کا سامنا کیا اور ہر طرح کی صعوبتیں برداشت کیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزادی تقریبات کے سلسلہ میں جناح پبلک سکول میں میٹرک اور دیگر امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات میں جناح ٹیلنٹ ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ ،ایم پی ایز حاجی عمران ظفر ، میجر (ر) معین نواز ، ایس او سٹیلمنٹ الیاس گل ، اے ڈی سی فاروق رشید سندھو ، ڈی او سی شجاع قطب بھٹی ، پرنسپل ترنم ریاض ، تنویر گوندل ، ای ڈی او ایجوکیشن طاہر کاشف ، نگہت اقبال قریشی ، چوہدری ظہور الٰہی اور بڑی تعداد میں مختلف سکولوں کے سربراہان اور والدین نے شرکت کی ۔کمشنر گوجرانوالہ نے کہا کہ پاکستان کو آزاد ہوئے 67سال گزر چکے ہیں ، لیکن اب تک ہم آزادی کے حقیقی ثمرات سے مستفید نہیں ہو سکے اور وطن عزیز دولخت ہو چکا ہے ، انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کی ترقی کیلئے اپنے اعمال پر غور و فکر کرنے کی ضرورت ہے ، جہاں ہم 14اگست کی خوشیاں مناتے ہیں وہیں ہمیں 16دسمبر کا دن بھی نہیں بھولنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر طرح کے وسائل سے مالا مال ملک ہے ، لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ اس وقت بھی 2کروڑ بچے سکول سے باہر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جھنڈے میں سفید رنگ اقلیتوں کی نشانی ہے ۔ ہمیں وطن عزیز میں بسنے والی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہو گا ۔کمشنر گوجرانوالہ شمائل احمد خواجہ نے کہا کہ مستقبل قریب میں قائداعظم ڈویژنل پبلک سکول گوجرانوالہ ، سیالکوٹ پبلک سکول اور جناح پبلک سکول گجرات کے ایکسچینج پروگرام کا انعقاد کیا جائیگا ، جس کے تحت طلباء و اساتذہ ایک دوسرے کے اداروں کا دورہ کریں گے اور باہم تجربات سے استفادہ کیا جائیگا ۔ کمشنر نے کہا کہ ڈویژن بھر میں قائم پبلک سکولوں کا دائرہ کار تحصیل لیول تک بڑھایا جائیگا انہوں نے کہا کہ وزیرآباد ، ڈسکہ اور کامونکی میں ان سکولوں کی برانچوں کے قیام کیلئے اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے ، اس مقصد کیلئے 9کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں ، جبکہ 5کروڑ روپے عطیات کی مد میں وصول ہونے کی امید ہے انہوں نے بتایا کہ ڈسکہ اور وزیرآباد میں ان سکولوں کے قیام جگہ کا بھی انتخاب کر لیا گیا ہے ۔کمشنر نے کہا کہ ڈویژنل پبلک سکول گوجرانوالہ کی طرح جناح پبلک سکول کا دائرہ کار بھی تحصیل لیول تک بڑھایا جائیگا انہوں نے ہدایت کی کہ جناح پبلک سکول میں طلباء کیلئے ہاسٹل کی تعمیر ماہ ستمبر میں شروع کی جائے اور اسے جلد از جلد مکمل کیا جائے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ جناح پبلک سکول کی داخلی سڑک کو بھی تعمیر کیا جائے ۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ جناح پبلک سکول میں مثالی نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کی وجہ سے ادارے کے طلباء بورڈ امتحانات میں بہترین نتائج دے رہے ہیں ، انہوں نے بتایا کہ جناح پبلک کالج میں کلاسز کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ اعلیٰ تعلیمی معیار برقرار رکھنے کیلئے میرٹ کی بنیاد پر بہترین صلاحیت کے حامل اساتذہ کا انتخاب کیاگیا ہے ، ، ڈی سی او نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ جناح پبلک سکول ہر لحاظ سے دوسرے تعلیمی اداروں کیلئے ایک رول ماڈل کی حیثیت میں سامنے آئے انہوں نے کہا کہ ضلع کی دیگر تحصیلوں میں بھی جناح پبلک سکول کی برانچوں کیلئے زمین کا انتخاب کیا جا رہا ہے ، جبکہ عمارتوں کی تعمیر کیلئے ان علاقوں کے صاحب ثروت افراد نے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بورڈ آف گورنرز کی منظوری سے جناح پبلک سکول میں نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کیلئے جدید ترین سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔اس سے قبل جناح پبلک سکول کے ہونہار طلباء نے ٹیبلو اور ملی نغمے پیش کیے ، جنہیں حاضرین نے بھرپور سراہا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن شمائل احمد خواجہ نے کہا ہے کہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشان حیدر ملک کے بہادر سپوت تھے

گجرات(جی پی آئی) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن شمائل احمد خواجہ نے کہا ہے کہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشان حیدر ملک کے بہادر سپوت تھے ، جنہوں نے دفاع وطن کیلئے بہادری سے لڑتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزادی تقریبات کے حوالے سے موضع لادیاں میں قومی ہیرو کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھانے اور دعا کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کیا ، ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ ، اے ڈی سی فاروق رشید سندھو ، ڈی او سی شجاع قطب بھٹی ، کرنل یوسف اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔کمشنر گوجرانوالہ نے کہا کہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی بہادری اور عظیم قربانی ہم سب کیلئے قابل فخر اور پوری قوم کیلئے مشعل راہ ہے ، انہوں نے کہا کہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نے ہمارے مستقبل کیلئے اپنے کل کو قربان کر دیا ، انکی اسی قربانی کی وجہ سے ملک کی سرحدیں محفوظ ہیں ، کمشنر نے اس موقع پر کرنل یوسف کے ہمراہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی رہائشگاہ کا دورہ بھی کیا ۔ آرمی افسران نے بتایا کہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی رہائشگاہ کو محفوظ بنانے کے ساتھ گھر کیساتھ واقع جگہ پر پارک کی تعمیر کی جائے گی ۔ کمشنر نے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کے بھائی اور اہل علاقہ سے بھی ملاقات کی ۔ انہوں نے موضع لادیاں میں نئے ٹرانسفارمر کی تنصیب ، سڑک کی تعمیر و مرمت ، نکاسی آب کا مسئلہ حل کرنے کیلئے فوری طور پر ہدایات جاری کیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ممتاز سیاسی وسماجی رہنما حلقہ این اے 104کی ہر دلعزیز شخصیت چوہدری پرویز اختر بہوچھ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے

گجرات(جی پی آئی)ممتاز سیاسی وسماجی رہنما حلقہ این اے 104کی ہر دلعزیز شخصیت چوہدری پرویز اختر بہوچھ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت ملک سے مسائل کے خاتمے کے لئے سنجیدہ نظر نہیں آرہی ملک و قوم کو درپیش مسائل حکومت کا کیا دھر ا ہے ۔دھرنے اور احتجاج کر نیوالے حکمرانوں سمیت ذاتی مفادات کی جنگ لڑ رہے ہیں جن کو ملک کی سلامتی ، بقا ء اور امن سے کوئی لینا دینا نہیں حکمران اور دھرنے والے یہ مفاد پرستوں کا ٹولہ ہے جو اقتدار کی حبس کے لئے ایک دوسرے پر کیچڑ اچھا ل رہے ہیں اور بے گنا ہ لوگوں کو استعمال کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کو جب بھی خطرات لاحق ہوئے وہ حکمرانوں کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے ہوئے جو پاک فوج ہماری اور ملک و قوم کی سرحدوں سمیت تمام خطے میں سر دھڑے کی بازی لگا کر ہمارہ حفاظت کر رہے ہیں ہم اس پاک فوج کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں اور جو خود پاک فوج کو مثالحت کی دعوت دے کر قومی اسمبلی کے اجلاس میں جھوٹ بولتے ہیں وہ اس اہل نہیں کہ وہ حکمرانی کریں ملک میں لاقانونیت ،کرپشن رشوت خوری کا بازار سرگرم ہے عام شہریوں کو کسی قسم کا تحفظ اور ریلیف نہیں انسانی زندگیوں کے ساتھ کھلنے والے حکمرانوں کی ہمیں کوئی ضرورت نہیں جو ملک میں امن و امان کو برقرار رکھنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک و قوم کو خمینی جیسے لیڈر کی ضرورت ہے جس کے ہاتھ میں کالی چھڑی ہو جو ملک کی باگ دوڑ سنبھالے اللہ کریں ان بدیانت حکمرانوں اور سیاست دانوں سے ہمیں چھٹکار حاصل ہو ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ اورایم این اے ایم پی ایزکو بھی ملنا گوارہ نہیں کرتے وہ عام شہریوں کے مسائل کیا حل کریں گے ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالنے والے سیاست دان نہیں بزنس مین ہیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شوکت علی کھوکھر’ مظہر علی کھوکھر آف الجنت میرج ہال غریب پورہ ،برکت پکوان ہاوس فتو پورہ بن نے اپنے مشترکہ بیان

گجرات(جی پی آئی)شوکت علی کھوکھر’ مظہر علی کھوکھر آف الجنت میرج ہال غریب پورہ ،برکت پکوان ہاوس فتو پورہ بن نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اللہ رسول کو ماننے والے اورمسلمان ہیں حرام کھانا یا کھلانا ہمار ا شیوہ نہیں گزشتہ روز بشیر میرج ہال کے حوالے سے شائع ہونیوالی خبر بے بنیاد اور من گھڑت ہے جس میں کوئی صداقت نہیں ہے صفائی نصب العین اور اپنے معیار کو برقرار رکھنا ہمارا دین ایمان ہے انشاء اللہ تعالیٰ اپنے معیار کو گرانے والے نہیں ،بیشتر کی جگہ بشیر میرج ہال لکھا گیا براہ مہربانی میرج ہالوں کی کردار کشی سے گریز کیا جائے ورنہ قانونی حق محفوظ رکھتے ہیں ۔انشاء اللہ تعالی ہمارے آباواجداد نے بھی اپنے معیار کو برقرار رکھا اور ہم بھی اپنے بزرگوں کے مشن کے مطابق اپنے معیار کو برقرار رکھے ہوئے ہیں اور انشاء اللہ تعالی زندگی اعلی کوالٹی اور معیار برقرار رہے گا من گھڑت اور انتشار پسند اپنے کسی مقصد میں کامیاب نہ ہونگے ۔