کراچی (خصوصی رپورٹ) حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے عوامی مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے مختلف علاقوں میں عوامی وفو د سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ قائد تحریک محترم الطاف حسین کی ہدایت اور اُن کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے عوامی خدمت میں شب روز مصروف ہیں اور انشا اللہ قائد کی تعلیمات پر عمل کرکے عوام کو بلا تفریق سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا ئیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کرکے عوام کو درپیش بلدیاتی اور فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے مسائل کا معائنہ کرتے ہوئے کیااس موقع پر بلدیاتی اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران بھی موجود تھے۔
نشاط ضیاء قادری نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ شاہ فیصل کالونی کے تمام علاقوں خصوصاً گرین ٹائون ،گولڈن ٹائون ،پنجاب ٹائون اور یونین کونسل نمبر7میں قائم پرائیویٹ سوسائٹیز اور درجنوں گوٹھوں میں فراہمی و نکاسی آب ،صفائی وستھرائی سمیت دیگر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات کو بہتر بنا یا جائے۔نشاط ضیاء قادری نے کہاکہ ادارے اپنی کا رکردگی اور باہمی اشتراک کے ذریعے علاقائی ترقی اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات کریں انہوں نے متعلقہ افسران کو بتا یا کہ فراہمی ونکاسی آب کے حوالے سے بڑھتے ہوئے عوامی مسائل پر توجہ دی جائے سیوریج سسٹم کی ابتر صورتحال کی وجہ سے سڑکیں اور گلیاں گندے پانی کی جوہڑ میں تبدیل ہوچکے ہیں لہذا افسران علاقائی سرورے کرکے فراہمی و نکاسی آب کے نظام کو درست کریں تاکہ عوامی شکایات کا ازالہ کیا جاسکے۔
اس موقع پر انہوں نے بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ جاری صفائی وستھرائی مہم کا دائرہ پرائیوٹ سوسائٹیز اور گوٹھو ں تک بڑھا یا جائے اور گوٹھوں کے مکینوں کو بھی صاف ستھرا صحت مند ماحول فراہم کیا جائے نشاط ضیاء قادری نے کہاکہ عوامی تعاون کے ذریعے علاقائی ترقی اور بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے نظام کو بہتر بنا کر مسائل کا خاتمہ اور عوام کو مسائل سے پاک معاشرہ فراہم کرینگے۔