اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کہا ہے کہ پرامن احتجاج جمہوریت کا حصہ ہے، جمہوریت میں اس چیزکی اجازت ہےکہ وزیر اعظم ہاؤس کے سامنے دھرنا دیا جائے۔
دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ طاہر القادری اور ہمارا اتفاق تھا کہ ہم پرامن رہیں گے، منصوبے کے تحت تشدد کیا گیا، پورے اسلام آباد کو سیل کیا گیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ تحقیقات ہونے تک وزیر اعظم مستعفی ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے پولیس کی طرف سے تشدد کیا گیا، یہ پولیس والے نہیں، پولیس کی وردیوں میں گلوبٹ تھے، نواز شریف کی آمریت کا پول کھل گیا۔
عمران خان نے کہا کہ پرامن احتجاج پرایسا تشدد نہیں ہوتا،گلو بٹوں نے گاڑیاں توڑ دیں، ہمارا آرگنائزر لاپتا ہے، میڈیا نے سچ دکھایا تو میڈیا پربھی حملہ کیا گیا، مجھ پرشیلنگ کی گئی، سانس لینا مشکل ہو گیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ مظاہرین نے جان بچانے کے لیے پارلیمنٹ کا دروازہ توڑا۔