سرکاری و غیر سرکاری املاک اور تنصیبات کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کا حکم

Security

Security

فیصل آباد (جیوڈیسک) آر پی او نے ملک کے موجودہ حالات کے باعث فیصل آباد ریجن میں سرکاری و غیر سرکاری املاک اور تنصیبات کی سکیورٹی بہتر بنانے کی ہدایت کر دی۔ ریجنل پولیس آفیسر محمد احسان طفیل نے موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر امن عامہ کی فضا کو برقرار رکھنے کے لئے ریجن بھر میں پولیس کو سخت حفاظتی انتظامات کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔

انہوں نے سی پی او فیصل آباد، ڈی پی اوز جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ اپنے اپنے اضلاع میں شہریوں کے جان و مال کے ساتھ ساتھ سرکاری اور حساس عمارتوں اور اہم تنصیبات کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ اس سلسلے میں مناسب اور فول پروف سکیورٹی انتظامات عمل میں لائے جائیں تاکہ تخریب کار اور دہشت گرد گروہ یا شرپسند عناصر موجودہ صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہو سکیں۔