کراچی (جیوڈیسک) ملیر سٹی تھانے کے سب انسپکٹر نے تھانے کے سامنے گداگر خاتون کو سرکاری رائفل سے فائرنگ کرکے قتل کردیا اور خود کو بھی مار لی۔ تفصیلات کے مطابق ملیر سٹی تھانے کے سامنے سراج مسجد کے قریب ہوٹل پر ملیر سٹی تھانے کے سب انسپکٹر حاجی خان ولد عیسیٰ خان نے گداگر خاتون 40 سالہ فرزانہ زوجہ سلطان کو جھگڑے کے دوران سرکاری ایس ایم جی رائفل سے گولی مار کر موقع پر قتل کر دیا جب لوگ جمع ہوئے تو سب انسپکٹر حاجی خان نے خود کو بھی گولی مار لی، قریب کھڑے افراد نے تھانے جاکر پولیس کو اطلاع دی ،پولیس نے موقع پر پہنچ کر خاتون کی لاش اورمضروب حاجی خان کو جناح اسپتال منتقل کیا۔ایس ایچ او امتیاز نیازی نے بتایاکہ مضروب حاجی خان ہمارے تھانے کا سب انسپکٹر ہے اور ملیرکورٹ میں تھانے کے قانونی معاملات دیکھتا ہے۔
انہوں نے بتایاکہ حاجی خان صبح 8 بجے تھانے آیا اور سرکاری رائفل لیکر ملیر کورٹ جانے کیلئے نکل گیا، جس کے تھوڑی دیر بعد ہی تھانے کے سامنے فائرنگ کی آواز آئی تو پولیس نے جاکر دیکھا تو حاجی خان شدیدزخمی تھا اور فرزانہ کی لاش پڑی ہوئی تھی ،عینی شاہدین نے بیان دیا ہے کہ حاجی خان نے گداگر خاتون فرزانہ کو جھگڑے کے دوران فائرنگ کرکے قتل کیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقتولہ فرزانہ قائد آباد ہڈی مل کی رہائشی تھی اور مضروب بھی قائد آباد کا رہائشی ہے اور آبائی تعلق اندرون سند ھ سے ہے، پولیس نے مزید بتایا کہ پولیس کو شبہ ہے کہ حاجی خان کا فرزانہ سے کوئی چکر تھا تاہم حاجی خان کی حالت تشویشناک ہے اسکے ہوش میں آنے کے بعد ہی واقعے کی اصل وجوہات سامنے آئے گی۔ پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد فرزانہ کی لاش اہلخانہ کے حوالے کردی ہے۔