گوجرانوالہ (جیوڈیسک) محکمہ صحت اور محکمہ ماحولیات کی جانب سے انسداد ڈینگی مہم کے دوران ڈویژن بھر میں 6 ہزار افراد کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ جن افراد کو نوٹسز جاری کئے گئے ہیں ان میں فیکٹری، کار خانہ، میرج ہالز، سروس سٹیشنزاور ٹائر شاپس کے مالکان شامل ہیں جبکہ خالی پلاٹ مالکان کو بھی نوٹسز بجھوا ئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت نے گوجرانوالہ ڈویژن کے بیشتر علاقوں میں ہونیوالی بارش کے باعث 12 ہزار مقامات کو ڈینگی ہاٹ سپاٹ قرار دیتے ہوئے خدشے کا اظہار کیا ہے کہ یہاں پر ڈینگی مچھر کی افزائش ہو سکتی ہے لہذا ان ڈینگی ہاٹ سپاٹس پر فوری طور پر ادویات کا چھڑکائو کیا جائے اور پانی کی نکاسی کا بندوبست کیا جائے ،محکمہ صحت کی جانب سے ڈینگی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں جو کہ ادویات کا چھر کائو کریں گی۔
دوسری جانب محکمہ صحت اور محکمہ ماحولیات نے ڈینگی مچھر کی افزائش میں سازگار ثابت ہونے والے فیکٹری، کارخانوں،سروس سٹیشنز،شادی ہالز، ٹائر شاپس اور پلاٹ مالکان کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ فوری طور پر گندگی و پانی کی نکاسی کا بندوبست کریں اور انتظامات بہتر بنائیں ورنہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔