ٹریفک حادثات میں کالج پروفیسر سمیت 3 افراد ہلاک، بچہ پانی کے ٹینک میں ڈوب گیا

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات اور ڈوبنے کے واقعات میں 5 سالہ بچے اور پرائیویٹ کالج کے پروفیسر سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق سائٹ اے تھانے کی حدود غنی چورنگی کے قریب تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے راہ گیر خاتون جاں بحق ہو گئی۔

جبکہ ٹرک ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، ہلاک ہونے والی خاتون لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال پہنچائی گئی جہاں متوفیہ کی شناخت 40 سالہ نرگس زوجہ نذیر کے نام سے کر لی گئی متوفی فرنٹیئر کالونی کی رہائشی تھی پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔

شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کی حدود بھینس کالونی موڑ کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار شخص ہلاک ہو گیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائی گئی جہاں متوفی کی شناخت 38 سالہ آصف انصاری ولد امجد علی انصاری کے نام سے کر لی گئی متوفی ملیر کھوکرا پار نمبر 2 کا رہائشی اور بھینس کالونی موڑ کے قریب واقع پرائیویٹ کمپیوٹر کالج کا پروفیسر بتایا جاتا ہے۔

بلدیہ ٹاؤن حب ریور روڈ پر نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کردیا جہاں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت 28 سالہ لطیف اور زخمی کی شناخت 30 علی محمد کے نام سے کرلی گئی۔

قائد آباد تھانے کی حدود میں واقع کچی آبادی میں پانی کے ٹینک میں ڈوب کر بچہ ہلاک ہو گیا جس کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائی گئی جہاں متوفی کی شناخت5 سالہ اذان ولد شاہد کے نام سے کر لی گئی، متوفی بچے کے اہلخانہ ضابطے کی کارروائی کرائے بغیر لاش اپنے ہمراہ لے گئے۔