بالی وڈ (جیوڈیسک) ان نئے چہروں میں عالیہ بھٹ، ورون دھون، سدھارتھ ملہوترا، ارجن کپور اور ٹائیگر شیروف شامل ہیں۔ خوش قسمتی سے یہ چہرے نا صرف راتوں رات سٹار بن گئے، بلکہ موویز ہٹ ہونے کی وجہ سے یہ دیکھتے ہی دیکھتے فلم میکرز کے فیورٹ بھی بن گئے ہیں۔
فلمی پنڈتوں کا خیال ہے کہ بالی وڈ کی ان ینگ گنز کی وجہ سے سال 2014 اب تک اچھا جارہا ہے۔ لیکن ، سال کو میگا ہٹ کرنے کے لئے خان ہیروز یعنی عامرخان اور شاہ رخ خان کی جانب سے بلاک بسٹر کی ضرورت ہے، جبکہ سلمان خان کک کی صورت میں پہلے ہی اپنا حصہ ڈال چکے ہیں۔
اگست کے وسط تک 120 فلمیں سینما گھروں کی زینت بنیں ، جن کی مجموعی کمائی 1,400 کروڑ رہی جس میں بڑا حصہ نوجوان اداکاروں اور اداکاراوں کا رہا جو انڈسٹری کے لئے انتہائی مثبت ہے۔ مراٹھا مندر سینما کے مالک اورجی سیون ملٹی پلیکس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر منوج ڈیسائی نے بھی تسلیم کیا کہ نئے آنے والے فنکاروں کی اچھی پرفارمنس سبھی کے لئے سرپرائز تھی۔
باکس آفس پر، ہیروپنتی نے 51 کروڑ ، ٹوسٹیٹ نے 102 کروڑ ، غنڈے نے 80 کروڑ،ہمپٹی شرما کی دلہنیا نے 75.5 کروڑ ،ہائی وے نے 30کروڑ سدھارتھ ملہوترا کی فلم ایک ولن نے 98 کروڑ روپے کمائے۔ سلمان خان کی فلم ’کک سال کی سب سے زیادہ منافع کمانے والی فلم کاسٹیٹس انجوائے کر رہی ہے۔
کک کی اب تک کی کمائی 211 کروڑ روپے ہے۔ سال کی ایک اور بڑی فلم، سنگھم ریٹرنز رہی جس نے پانچ دنوں میں سو کروڑ سے زیادہ روپیہ کما کر سنگ میل عبورکیا۔ سال میں تین فلمیں ٹوسٹیٹس ، جے ہو اورہالیڈے سو کروڑ کلب کی ممبر بنیں۔