لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ زبیر حفیظ نے کہا ہے کہ نوجوان انتشار کی بجائے اتحاد اور یکجہتی کو یقینی بنائیں۔وہ قوم تباہ ہو جاتی ہیں جو اتحاد اور ملی یگانگت کو چھوڑ دیتی ہیں، دشمن قوتیں قوم کو آپس میں لڑا کر اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں یوم دفاع کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ یوم دفاع ملکی تاریخ کا ایک روشن باب اور سرمایہ افتخار ہے۔
اس دن قوم دشمن کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوئی ،6 ستمبر ہمیں اتحاد و اتفاق کا پیغام دیتا ہے۔ مسلکی اختلافات۔ صوبائی اور لسانی تعصبات پاکستانی معاشرے کی جڑوں کو کھوکھلا کر رہے ہیں۔ ان تما م تعصبات سے بالا ہو کر پاکستان کی تعمیر کی خاطر سب کامل کر ایک ہی نقطے پر جد وجہد کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ دشمن کے عزائم کو خاک میں ملانے کے لئے قوم کو باہم متحد ہونا ہوگا۔ اسلامی جمعیت طلبہ نوجوانوں کے لئے ”ہم سے ہے پاکستان” کا پیغام لے کر ہر تعلیم ادارے میں جائے گی جس کے لئے عنقریب لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔