مصطفی آباد/للیانی (نامہ نگار) لشکر کشی سے وزیر اعظم کو استعفٰی کی دھمکی دینا غیر آئینی ہے۔ آئین و جمہوریت کے تحفظ کیلئے تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں، ناچ گانے سے انقلاب لانے والے ملکی تباہی پر تلے ہوئے ہیں۔ عوام نے عمران خان و طاہر القادری کے ایجنڈے کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ مسلم لیگ ن آسمان سے ٹپک کر اقتدار میں نہیں آئی اسے پاکستانی عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے حکومت ملی ہے۔
جو لوگ آج اسلام آباد مین دھرنے دئیے بیٹھے ہیں وہ عوام کا مینڈیٹ چرانے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔ عمران و قادری گٹھ جوڑ ملک کو تباہی و خانہ جنگی کی طرف دھکیل رہا ہے،جبکہ میاں محمد نواز شریف کی بدولت پاکستان ایشیاء کا ٹائیگر بنانے جا رہا تھا جس کی وجہ سے غیر ملکی آقائوں نے اپنے ایجنڈوں کے ذریعے ملک میں عدم استحکام لانے کیلئے دھرنوں اور لانگ مارچ کو شروع کر دیا ہے۔
ملک دشمن عناصر اور ان کے آلہ کار یہ نہیں جانتے کہ قوم میاں نواز شریف کی قیادت میںہے۔ چند ہزار افراد کو اپنا ایجنڈا نافظ کرنے کی اجازت ہر گز نہیں دی جا سکتی۔ ان خیالات کا اظہار نائب صدر پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ ونگ تحصیل قصور عابد فضل چوہدری نے کارکنان کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں۔ محاذ آرائی نے ملک وقوم کو اندھیروں میں دھکیل دیا ہے، آزادی و انقلاب مارچ میں ناکامی کا شکار سیاستدان فوج کو بد نام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ حکومت فوج اور پارلیمنٹ میں مکمل ہم آہنگی ملک میں نیک شگون ہے۔ تمام پارلیمانی جماعتیں ن لیگ کے ساتھ کھڑی ہیں۔ جو کسی بھی غیر جمہوری و غیر آئینی اقدامات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کو تیار ہیں۔