فیصل آباد (جیوڈیسک) سمندری روڈ سے ملحق علاقوں میں موسم سرما کی آمد سے قبل ہی سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ شروع ہوگئی۔ صبح و شام کے اوقات میں گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑنے سے خواتین کیلئے کھانا بنانا مشکل ہوگیا۔ شہریوں نے محکمہ سوئی گیس حکام سے نوٹس لینے اور رہائشی علاقوں کو سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
موسم سرما کی آمد سے قبل ہی محکمہ سوئی گیس نے فیصل آباد کے اکثر علاقوں میں گھریلو صارفین کیلئے گیس کی لوڈشیڈنگ شروع کردی جبکہ متعدد علاقوں میں پریشر کم ہونے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔ ڈی ٹائپ کالونی، مکہ ٹائون، قائداعظم بلاک، معصوم ٹائون سمیت سمندری روڈ سے ملحقہ علاقوں میں صبح و شام کے اوقات میں گیس کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو پریشانی میں مبتلا کردیا۔
خواتین کیلئے گھروں میں کھانا بنانا بھی مشکل ہوگیا جس کے باعث شہری ہوٹلوں سے کھانا خریدنے پر مجبور ہوگئے۔ شہریوں نے مطالبہ کیاہے کہ رہائشی علاقوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ بند کی جائے تاکہ شہریوں کی مشکلات کا ازالہ ہوسکے ۔