اسلام آباد (جیوڈیسک) پلڈاٹ کے حالیہ ملک گیر سروے میں پنجاب حکومت کی کارکردگی کو بہترین قرار دیا گیاہے۔ چارو٘ں صوبوں کے دیہی اور شہری علاقوں میں تین ہزار 65 افراد نے سروے میں حصہ لیا۔ اس میں وزرائے اعلیٰ اور حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
سروے کے مطابق 65 فیصد افراد نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی کارکردگی کو سراہا اور ان کی حکومت اور منصوبوں کو بہترین قرار دیا۔ خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی پر 36 فیصد افراد نے اطمینان کا اظہار کیا۔ جبکہ 37 فیصد افراد کے نزدیک وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی پالیسیاں بہترین ہیں۔ تاہم 51 فیصد نے حکومت کی گورننس کو بد ترین قرار دیا۔
پرویز خٹک کی کارکردگی کے بارے میں تاثر منفی 14 فیصد ہے۔ تیسرے نمبر پر آنے والے وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ کو 33 فیصد افراد کی حمایت ملی۔ صوبہ سندھ ،، کے وزیراعلیٰ قائم علی شاہ ، سب سے پیچھے رہے وہ اپنی کارکردگی کے بل بوتے پر صرف تیس فیصد عوامی پذیرائی حاصل کرسکے۔
پلڈاٹ سروے کے مطابق 46 فیصد پاکستانیوں نے اس رائے کااظہار کیا کہ نواز شریف کی حکومت پیپلزپارٹی کی حکومت سے بہتر ہے۔ جبکہ 31 فیصد نے اس رائے کی مخالفت کی۔ اداروں پر اعتماد کا ذکر کیا جائے تو ، 77 فیصد پاکستانیوں نے فوج پراعتماد کا اظہار کیا۔ 42 فیصد نے نیب اور صرف 30 فیصد نے پولیس کو قابل بھروسہ قرار دیا ہے۔