اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمیں ایوان سے اختلاف نہیں، میں شہیدوں کے خون کا بدلہ لینے آیا ہوں ، مجھے گوارہ نہیں کوئی ایوان پر حملہ کرے۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آج تاریخی موڑ ہے بھٹک بھی سکتے ہیں سیدھے راستے پر بھی چل سکتے ہیں۔ تاریخ گواہ ہے ہم اس کو گھر کو جلانے نہیں بچانے آئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں کہا گیا ایک ایک جملہ تاریخی ہوتا ہے۔بہت کچھ کہہ سکتا ہوں لیکن ایوان کا ماحول خراب نہیں کرنا چاہتا۔ تحریک انصاف کسی گرینڈ پلان کا حصہ نہیں ، میں اسمبلی میں پاکستان کا سیاسی بحران حل کرنے آیا ہوں ، دھرنا ، احتجاج کسی ایک جماعت کا مسئلہ نہیں۔
انھوں نے کہا کہ اصغر شاہ کیس میں بہت سے پردہ نشین سامنے آئے۔ الیکشن میں شفافیت نہیں تھی, مجھے عمران خان پر فخر ہے لیکن میری تربیت میں بے نظیر بھٹو کا ہاتھ ہے.انھوں نے کہا کہ پاکستان غیر معمولی حالات سے گزر رہا ہے.تحریک انصاف صرف اپنے کارکنوں کے اشاروں پر اسلام آباد آئی۔