نوشہروفیروز (جیوڈیسک) کنڈیارو کے قریب گاؤں جنوان سولنگی کی رہائشی خواتین نے پولیس گردی کیخلاف نوشہرو فیروز پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور پولیس کیخلاف شدید نعرے بازی کی، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابدہ، زرینہ اور شبیراں کا کہنا تھا کہ کنڈیارو پولیس نے بلا وجہ ہمارے گھروں پر دھاوا بول کر نقدی، سونا اور مویشی لوٹ لیے جبکہ بلقیس ،حضوران اور ضمیر کو گرفتار کر کے اپنے ہمراہ لے گئی جن کا تاحال کچھ پتا نہیں چل سکا ہے۔
پولیس نے ہمارے گھروں کو بھی مسمار کر دیا ہے جس کی وجہ سے ہم بہت اذیت کا شکار ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پولیس گردی کیخلاف سیشن کورٹ میں پٹیشن بھی دائر کر رکھی ہے جبکہ احتجاج کرنے پر ہمیں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں، انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ پولیس گردی کا نوٹس لیا جائے جبکہ گرفتار شدگان کو رہا کروا کر لوٹا گیا مال واپس دلایا جائے اور ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے۔