ریڈیو، ٹی وی اور فلم کے معروف اداکار مقصود حسن انتقال کر گئے

Maqsood Hasan

Maqsood Hasan

کراچی (جیوڈیسک) ریڈیو، ٹی وی اور فلم کے معروف اداکار مقصود حسن حرکت قلب بند ہوجانے سے انتقال کرگئے ، اُن کی عمر 67 سال تھی۔

چھوٹے قد کے بڑے فنکار مقصود حسن کا شمار ادکاری اور صداکاری کے شعبہ میں سینئر اداکاروں میں ہوتا تھا۔ انہوں نے ریڈیو پاکستان کراچی کے بچوں کے پروگرام سے شہرت حاصل کی اور ریڈیو پاکستان کے مقبول پروگرام اسٹوڈیو نمبر 9 کے کئی ڈراموں میں صداکاری کی۔

مقصود حسن نے عمر شریف کے کئی ڈراموں میں فن کا مظاہرہ کیا ، انہیں ڈرامہ’’ بکرا قسطوں پر‘‘سے شہرت ملی۔ اداکار معین اختر کے ساتھ بھی انہوں نے بہت سے ڈراموں میں کام کیا۔ مقصود حسن نے فلموں میں بھی فن کے جوہر دکھائے۔اداکار محمد علی کے ساتھ فلم ’’جاگ اٹھا انسان‘‘ اُن کی یاد گار فلم تھی۔ وہ ریڈیو کی سینئر فنکارہ مُنی باجی کے بھائی تھے۔