یوکرائن میں مداخلت : فرانس نے روس کو جنگی بحری جہازوں کی فراہمی معطل کر دی

War Ships

War Ships

پیرس (جیوڈیسک) برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کے صدر فرنسواں اولاند کے دفتر سے ایک بیان میں کہا گیا کہ اس اقدام کی وجہ روس کی جانب سے یوکرائن میں کارروائیاں ہیں۔ فرانس ابھی تک روس کو ان جنگی بحری جہازوں کی فراہمی کے حوالے سے بین الاقوامی دباو میں نہیں آ رہا تھا۔

ہیلی کاپٹر لے جانے والے ان دو بحری جہازوں میں سے پہلے ولاڈی واسٹک کی فراہمی اکتوبر کے آخر تک متوقع تھی جبکہ دوسرے بحری جہاز کی فراہمی آئندہ سال ہونا تھی تاہم صدر فرنسواں اولاند کے بیان میں ان بحری جہازوں کا کوئی ذکر نہیں۔

فرانس نے یہ اعلان جمعرات کو ویلز میں نیٹو کے سربراہی اجلاس سے پہلے کیا ہے جہاں نیٹو رہنما یوکرائن کی کشیدگی میں روس کے ملوث ہونے کے حوالے سے اپنا ردِ عمل ظاہر کرنے پر بحث کریں گے۔ اب تک یوکرائن میں ہونے والے تشدد کے بعد سے 2600 سے زیادہ افراد مارے جا چکے ہیں جب کہ ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔