غیر قانونی ہائیڈرینٹ کا خاتمہ اور فراہمی و نکاسی و آب کی لائینوں سے غیر قانونی کنکشن کا خاتمہ کرکے عوامی شکایات کا ازالہ کیا جائے :نشاط ضیاء قادری

 Nishat Zia Qadri

Nishat Zia Qadri

کراچی (خصوصی رپورٹ)حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی اور اس سے ملحقہ آبادیوں میں فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے بڑھتے ہوئے عوامی شکایات کا فوری ایکشن لیتے ہوئے بلدیاتی اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کے ہمراہ متاثرہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کرکے عوامی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے محکمانہ کار کردگی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے مقامی افسران و عملے کو ہدایت کی کہ ایک ہفتے کے اند شاہ فیصل کالونی اور اس سے ملحقہ آبادیوں میں فراہمی و نکاسی آب کے نظام کو درست کیا جائے انہوں نے افسران و عملے کو تنبیہ کی کہ عوامی مسائل سے غفلت ،لاپراہی اور کوتاہی برتنے والے افسران کا محاسبہ کیا جائے گا۔

شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے پینے کے پانی کی عدم فراہمی اور سیوریج سسٹم کی ابتر صورتحال کے حوالے سے عوامی شکایات کا جائزہ لیتے ہوئے موقع پو موجود واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو ہدایت کی کہ سیوریج فلو کی درستگی کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرکے سیوریج کا نظام درست بنایا جائے اور سڑکوں سے سیوریج کا پانی فوری صاف کیا جائے دورے کے موقع پر شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے فوکل پرسن اسلم پرویز ،XEN,sواٹر اینڈ سیوریج بورڈ محمد زاہد ،شاہ رخ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو ہدایت کی کہ ہر گھر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنا نے کے لئے وہ اپنی محکمانہ کار کردگی کو بہتر بنا ئیں غیر قانونی ہائیڈرنٹ اور غیر قانونی فراہمی و نکاسی آب کے کنکشن کو منقطع کیا جائے تاکہ اس حوالے سے عوامی مسائل کا خاتمہ کیا جاسکے ،حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی نمبر1ٹنکی اسٹاپ پر گزشتہ کئی ہفتے سے پانی کی لائن سے رسائو کا معائنہ کیا اور واٹر بورڈ کے مقامی ذمہ دران کو 24 گھنٹے کے اندر پانی کی لائنوں سے رسائو کو درست کرنے کے احکامات دیتے ہوئے افسران و عملے کو ہدایت کی کہ وہ علاقائی سطح پر عوام کو مسائل سے نجات دلا نے کے لئے علاقائی نگرانی کا موثر نظام قائم کریں۔

جہاں ضرورت ہو فوری محکمانہ کاوشوں کو بروئے کار لاتے ہوئے عوامی شکایات کا ازالہ ممکن بنا یا جائے بعد ازاں رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے شاہ فیصل زون کے تحت جاری خصوصی صفائی مہم کا معائنہ کرتے ہوئے بلدیاتی افسران و عملے کو ہدایت کی کہ صفائی وستھرائی ،روشنی کے انتظامات کی درستگی کے ساتھ سرسبز اور صحت مند ماحول کا قیام عوامی تعاون کے ذریعے یقینی بنا یا جائے۔