لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار استاد راحت فتح علی خاں نے بالی ووڈ اسٹارز کو بھی پرفارمنس میں پیچھے چھوڑ دیا۔ لندن کے ویمبلے ایرینا ہال میں 20 ہزار سے زائد شرکا کی شرکت نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل بالی وڈاسٹار سوناکشی سنہا، میکا اور جیکولین فرنینڈس سمیت دیگر فنکاروں نے بھی ویمبلے ایرینا میں پرفارم کیا لیکن ہال فل نہیں ہوسکا تھا۔ گزشتہ روز لندن کے ویمبلے ایرینا میں راحت فتح علی خان جونہی اسٹیج پر پہنچے توشرکاء نے ان کا کھڑے ہو کر تالیاں بجاتے ہوئے استقبال کیا۔ اس کے بعد راحت نے اپنے روایتی انداز سے پرفارمنس کاآغاز کیا جس پر شرکاء جھومتے رہے۔
صوفیانہ کلام اوردھمالوں کے علاوہ بالی وڈ فلموں کے لیے گائے مقبول گیت سن کرحاضرین نے انھیں خوب داد سے نوازا۔ اس موقع پرجہاں راحت فتح علی خاں نے اپنے مقبول گیت سنائے، وہیں اپنے استاد لیجنڈ قوال استاد نصرت فتح علی خاں کی مقبول قوالیاں اورغزلیں سنا کرانھیں ٹریبیوٹ بھی پیش کیا۔
راحت فتح علی خاں نے لندن سے فون پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ ویمبلے ایرینا کا شمار دنیا کے ایسے مقامات میں ہوتا ہے جہاں پرفارم کرنا ہر فنکاراور گلوکارکی خواہش ہوتی ہے۔ میں استاد نصرت فتح علی خاں کے ساتھ یہاں پہلے بھی پرفارم کرچکا ہوں اورخود بھی یہاں پرفارم کیا ہے لیکن اس مرتبہ جو رسپانس ملا اس کوکبھی نہیں بھلا سکتا۔
پاکستانی اور ہندوستانی کمیونٹی کے علاوہ دنیا کے بیشتر ممالک سے آئے لوگ موجود تھے۔ میں نے اپنی زندگی میں اتنے توانا سامعین نہیں دیکھے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ میں پوری دنیا میں پروگرام کرتا ہوں لیکن ویمبلے ایرینا میں پرفارمنس کا اپنا ہی مزہ ہے۔ اس مرتبہ یہاں لوگوں کی اتنی بڑی تعداد نے شرکت کی ہے کہ 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔
میں ایک فنکارہوں اور میرا کام اپنے فن کے ذریعے لوگوں کو محظوظ کرنا ہے لیکن یہ میرے لیے فخریہ لمحات تھے کہ جب لوگوں کی اتنی بڑی تعداد میں مجھے اسٹیج پر آنے کی دعوت دی گئی تو میرے نام سے پہلے پاکستان کا نام پکارا گیا۔ مجھے پاکستانی ہونے پر فخر ہے اور میں اپنے فن کے ذریعے امن کا پیغام پوری دنیا تک پہنچانے کا مشن جاری رکھوں گا۔