فیصل آباد (جیوڈیسک) ایم پی اے رانا شعیب ادریس نے ہائیکورٹ لاہور سے حفاظتی ضمانت کے بعد فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت سے ضمانت کنفرم کرنے کی درخواست دے رکھی تھی جو سماعت کے بعد مسترد کر دی گئی۔
ضمانت خارج ہونے پر ایم پی اے کو کھرڑیانوالہ پولیس نے گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق رانا شعیب ادریس نے 19 جولائی کو اپنے ساتھیوں سمیت تھانہ کھرڑیانوالہ پر حملہ کیا۔
پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا، توڑ پھوڑ کی اور گرفتار کئے گئے ملزمان چھڑوا کر لے گیا۔ پولیس کی جانب سے ایم پی اے رانا شعیب ادریس کے خلاف انسداد دہشت گردی کی دفعہ سات سمیت سنگین نوعیت کا مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس نے ابتدائی تفتیش میں ایم پی اے کو قصور وار قرار دیا۔