جعلی پارلیمنٹ کی اپوزیشن بھی جعلی ہے۔ حامد رضا

Sunni Ittehad Council

Sunni Ittehad Council

اسلام آباد: سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حامد رضا نے کہا ہے کہ جعلی پارلیمنٹ کی اپوزیشن بھی جعلی ہے۔ پارلیمنٹ میں فوج کی توہین پر ڈیسک بجانا شرمناک ہے۔ فضل الرحمن ہر حکومت کا حصہ بننے کو ہی جمہوریت سمجھتے ہیں۔ دھرنے والے عوام کی اور پارلیمنٹ والے حکام کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ طاہرالقادری اور عمران خان نے شریف برادران کا تکبر توڑ دیا ہے۔ اچکزئی، فضل الرحمن اور آفتاب شیرپائو کی وفاداری جمہوریت نہیں نوازشریف کے ساتھ ہے۔

دھاندلی سے جیت کر پارلیمنٹ میں آنے والے گھس بیٹھیے ہیں۔ انقلاب کے بعد نامی گرامی معزز چوروں کا بے رحم احتساب ہو گا۔ مفاداتی اور نظریاتی سیاست کا آخری معرکہ جاری ہے۔ ہم مظلوم اور محروم طبقات کے حق میں آواز اٹھا رہے ہیں اور پارلیمنٹ بالادست طبقے کے مفادات کی محافظ بنی ہوئی ہے۔ جمہوریت کے علمبرداروں کو جمہور کی کوئی فکر نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے مرکزی اور صوبائی عہدیداروں کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ محمد حامد رضا نے مزید کہا کہ انقلابی دھرنا نتیجہ خیز ثابت ہو گا۔ طاہرالقادری قوم کی آواز بن چکے ہیں۔ موجودہ معرکہ جعلی اور حقیقی جمہوریت کے علمبرداروں کے مابین ہو رہا ہے۔ انقلابی دھرنے کے شرکاء ہیرو بن کر میدان میں ڈٹے ہوئے ہیں۔ فضل الرحمن، اعتزاز احسن اور زاہد خان نے پارلیمنٹ میں اپنی تقریروں میں دھاندلی کا اعتراف کیا ہے۔ جب سب کا دھاندلی پر اتفاق ہے تو پھر پارلیمنٹ کی کیا قانونی و آئینی حیثیت ہے۔ پارلیمنٹ میں بیٹھی مراعات یافتہ اشرافیہ اسمبلی کے لان میں غریبوں کے چلے جانے سے تڑپ اٹھی ہے کیونکہ وہ غریبوں کو شودر سمجھتے ہیں۔