سراج الحق اور لیاقت بلوچ کی وزیر اعظم سے ملاقات

Nawaz Sharif,Siraj-ul-Haq

Nawaz Sharif,Siraj-ul-Haq

اسلام آباد (جیوڈیسک) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اور جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ نے اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی ہے۔ جماعت اسلامی کی قیادت نے جیو کی بندش پر وزیراعظم کو اپنی تشویش سے آگاہ کیا۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جیوکی بندش کے معاملہ میں پارلیمنٹ کی خاموشی پرعوام بھی حیران ہیں۔

وزیراعظم نے دونوں رہنماؤں کو اس معاملے میں اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات پرویز رشید اور کابینہ کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ جیو کی بندش سے ملکی صحافت بحران کا شکار ہو جائے گی، جیو کی بحرانی کیفیت بہت سے مسائل کا موجب بن سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اختلاف رائے پر میڈیا کا گلہ دبا دینا قوم سے زیادتی ہے۔ اس تمام صورت حال میں جیو سے وابستہ ملازمین کے خاندان پریشانی میں مبتلا ہیں۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ جیو نیوز کی بندش تمام میڈیا ملازمین کو متاثر کر سکتی ہے، اس معاملے پر حکومت اور پارلیمنٹ موثر کردار ادا کریں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے جماعت اسلامی کے وفد کو یقین دلایا کہ وہ خود اس معاملے پر خصوصی توجہ دے کر مسئلے کو حل کرائیں گے۔