چوہدری نثار نے جس طرح وزیراعظم کی پیٹھ پر چھرا گھونپا اس کی مثال نہیں ملتی، خورشید شاہ

Khurshid Shah

Khurshid Shah

اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے وزیراعظم نواز شریف سے کہا ہے کہ تاریخ میں یہ بات نئی نہیں کہ آپ کی صفوں میں غدار پیدا ہو جائیں، وزیر داخلہ چوہدری نثار نے جس طرح آپ کی پیٹھ پر چھرا گھونپا تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ سارا ایوان وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ کھڑا تھا لیکن پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کو جان بوجھ کر سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی، یہ سازش آج سے نہیں بلکہ گزشتہ 6 ماہ سے چل رہی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب آپ کی صفوں میں پورس کے ہاتھی موجود ہیں، جس طرح سے چوہدری نثار نے آپ کی پیٹھ پر چھرا گھونپا اس کی مثال نہیں ملتی، آپ کے خلاف مری ہوئی طاقت کو زندہ کیا گیا ہے، لوگ اس پارلیمنٹ کی طرف دیکھ رہے تھے کہ یہاں سے کوئی اچھی خبر ملے لیکن آپ کے ایک سینئر وزیر نے ہمارے اہم رکن کے خلاف بیان دے کر آپ کو کمزور کرنے کی سازش کی اور آپ کو دوراہے پر کھڑا کر دیا ہے۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ٹیپو سلطان جیسا عظیم اور نڈر سپہ سالار جس نے انگریزوں کو ناک رگڑنے پر مجبور کیا لیکن اس عظیم سپہ سالار کو بھی میر جعفر اور میر صادق جیسے آستین کے سانپوں نے ختم کرادیا، وزیراعظم صاحب آج آپ کو بھی یہ دیکھنا ہوگا کہ کون آپ کا محسن اور کون دشمن ہے۔

حکومت کے ایک سینیئر ترین وزیر کی جانب سے اپوزیشن کے ایک اہم رکن پر تنقید کر کے نہ صرف ہماری بلکہ پوری پارلیمنٹ کی توہین کی جس پر ہم اس کی پر زور مذمت کرتے ہیں کیونکہ آج ہم پارلیمنٹ اور جمہوریت کو مظبوط کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آج کوئی بھی سازشی اپنی ایک سوئی بھی نہیں گزار سکتا اور اس پر پاکستان کی عوام کو فخر ہے، ہماری جمہوریت کو مضبوط کرنے کی کوشش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔