بارشوں نے پنجاب میں تباہی مچا دی، چھتیں گرنے، حادثات میں مرنے والوں کی تعداد 51 ہو گئی

Rains Destruction

Rains Destruction

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب بھر میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی۔ لاہور، راولپنڈی، پسروراورحجرہ شاہ مقیم میں چھتیں گرنے سے مزید نو افراد جاں بحق ہو گئے، روات میں کاربرساتی نالے میں گرنے سے میاں بیوی دم توڑ گئے، صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 51 ہو گئی. پنجاب کے بیشتر علاقوں میں گرجتی برستی گھٹائیں تباہی، اور موت کا پیغام بن گئیں۔

لاہور میں شاہدرہ کے علاقے میں گھر کی چھت گرنے سے خاتون دم توڑ گئی جبکہ ایک مکان کی چھت گرنے سے دو بچوں سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ راولپنڈی میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں گھر کی چھت گرنے سے اور سواں پل پر مٹی کا تودہ گرنے سے چار افراد کی زندگی کا چراغ گل ہو گیا، جبکہ فوجی کالونی میں چودہ سالہ لڑکا نالہ لئی میں بہہ کر لاپتہ ہو گیا۔

راولپنڈی ہائی کورٹ کے قریب دو افراد ملبے تلے دب گئے۔ پسرور کے علاقے محلہ فیصل کالونی میں گھر کی چھت گرنے سے میاں بیوی اور بیٹا جان کی بازی ہار گئے۔ حجرہ شاہ مقیم کے علاقے محلہ پیر شہاب میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص زندگی سے منہ موڑگیا۔

روات کے علاقے کلر سیداں میں برساتی نالے میں کار گرنے سے اس میں سوار میاں بیوی جاں بحق ہوگئے ، منڈی احمد آباد اور پتوکی میں گھروں کی چھتیں گرنے سے دو خواتین سمیت تین افراد دم توڑ گئے۔ واقعے میں تین افراد زخمی بھی ہوئے، گذشتہ روز بھی نارروال، کامونکی، کندیاں، قصور اور جھنگ سمیت مختلف شہروں میں چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے کے واقعات میں چالیس افراد موت کے گھاٹ اتر گئے تھے۔