اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان آج دوبارہ مذاکرات ہوں گے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کوشش ہے جلد سے جلد معاملےکاحل نکال لیں،شاہ محمود قریشی کہتے ہیں مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے، چاہتے ہیں کہ موجودہ بحران جلد حل ہو۔اسلام آباد میں جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر حکومت اور تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹیوں کی بات چیت ہوئی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ دھرنوں سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے، چینی صدرکا دورہ پاکستان ملتوی ہونےکی بھی اطلاعات آرہی ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چینی صدر کا دورہ ملک کے مفاد میں ہے، وہ جلد پاکستان کے دورے پر آئیں، خوش آمدید کہیں گے، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ آج جہانگیرترین کے ہمراہ چینی سفیرسےملاقات کریں گے۔