طاہرالقادری اور 10 کارکنوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

Tahir ul Qadri

Tahir ul Qadri

راولپنڈی (جیوڈیسک) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک کے جج پرویز اسماعیل جوئیہ نے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری اور عوامی تحریک کے 10 کارکنوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے اور حکم دیا ہے کہ ان سب کو گرفتار کر کے جمعہ 12 ستمبر کو عدالت پیش کیا جائے۔

ان کیخلاف انقلاب مارچ کے دوران انٹرچینج پر پولیس کے ساتھ تصادم کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس تصادم میں ایک پولیس کانسٹیبل جاں بحق اور درجن بھر پولیس اہلکار زخمی ہوگئے تھے جبکہ پولیس کی شدید شیلنگ اور لاٹھی چارج سے 50 کے قریب عوامی تحریک کی خواتین بچے اور مرد بھی زخمی ہوگئے تھے۔ آر پی او راولپنڈی کے حکم پر کانسٹیبل کی ہلاکت کا مقدمہ ڈاکٹر طاہر القادری کیخلاف درج کیا گیا تھا۔

انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج چوہدری امتیاز نے پولیس تشدد کیس میں ملوث عوامی تحریک کے قائد طاہر القادری کے تیسری مرتبہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انھیں 15 ستمبر کو گرفتار کر کے پیش کرنیکا حکم دیا ہے۔