لاہور: حلقہ این اے 128 میں زبردست دھاندلی کا انکشاف

Rigging

Rigging

لاہور (جیوڈیسک) لاہور کے انتخابی حلقہ این اے-128 کے انتخابی ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی رپورٹ الیکشن ٹربیونل کو جمع کروا دی گئی ہے، جس میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کا انکشاف ہوا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-128 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار افضل کھوکھر کامیاب ہوئے تھے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ہارنے والے امیدوار کرامت علی بھٹی نے دھاندلی سے متعلق الیکشن ٹربیونل میں درخواست دائر کر رکھی تھی، جس کی انکوائری مکمل کر لی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس حلقے میں ایک لاکھ بانوے ہزار چھ سو ساٹھ ووٹ ڈالے گئے جبکہ ریٹرننگ آفیسر نے دو لاکھ تئیس ہزار ایک سو بتیس ووٹ کے نتائج جاری کیے۔ جانچ پڑتال کے دوران انکشاف ہوا کہ پولنگ اسٹیشن نمبر گیارہ کے تھیلوں سے بیلٹ پیپرز ہی نہیں نکلے جہاں سے بارہ ہزار ووٹ ظاہر کر دیے گئے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ این اے-128 کے انتخابی ریکارڈ کو کھاد کی بوریوں میں رکھا گیا تھا۔ الیکشن کمیشن کو یہ رپورٹ بھجوادی گئی ہے، جو اس کا جائزہ لے کر فیصلہ دے گا۔