لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ ستمبر 1965ء کی جنگ پاکستان کی دفاعی تاریخ کا درخشاں باب ہے۔ یوم دفاع کے موقع پر ہمیں باہمی اختلافات بھلا کر وطن عزیز کے استحکام کے لئے مل جل کر کام کرنے کا عہد کرنا ہوگا۔
یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کے افسران اور جوان ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کر کے امن کا گہوارہ بنانے کے لئے بیش قیمت قربانیاں دے رہے ہیں۔ ستمبر 1965 ءکی جنگ میں پاک افواج نے عزم و ہمت اور جرات و بہادری کی لازوال مثالیں قائم کیں۔
پاک افواج وطن کے استحکام کے لئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی بہادری کی نئی تاریخ رقم کر رہی ہیں ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملک کے دفاع کی جنگ کے دوران قوم نے زبردست وحدت اور اتحاد کا عملی ثبوت دیا۔ آج پھر 1965ء والے جذبے اور اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یوم دفاع کے موقع پر پاکستان کو معاشی قوت بنانے کے لئے اپنا خون پسینہ ایک کرنے کا عہد کرنا ہوگا۔