کراچی (جیوڈیسک) یوم دفاع پاکستان کے موقع پر پی اے ایف میوزیم کراچی میں گروپ کیپٹن ریٹائرڈ سید مسعود حسینی کی پینٹگز کی نمائش کے موقع پر چیف آف ائر اسٹاف ائر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کا ماضی انتہائی تابناک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کے مغربی سرحدوں پر دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کامیابی سے جاری ہے اور اس دوران پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعث معصوم انسانی جانوں کا ضائع نہیں ہو رہا۔
ائر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے ملک اور بیرون ملک میں ہمیشہ اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے اور مستقبل میں بھی جب کبھی ضرورت پڑی تو قوم کا وقار بلند رکھیں گے۔
“فلائی ہائی” نامی تین روزہ نمائش میں رکھی پینٹنگز میں گروپ کیپٹن ریٹائرڈ سید مسعود حسینی نے پاک فضائیہ کی جنگی تاریخ کو انتہائی خوبصورتی سے پیش کیا ہے، دشمن کے جلتے ہوئے جہازوں اور قومی ہیروز کے حملوں کے مناظر دشمن پر اپنی برتری اور قومی ہیروز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بہترین عکاس ہے۔