شمالی وزیرستان (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف یوم دفاع کے موقع پر شمالی وزیرستان پہنچے۔ انہوں نے یوم دفاع ، آپریشن ضرب عضب میں مصروف جوانوں کے ساتھ منایا۔
جنرل راحیل شریف میرانشاہ اور دتہ خیل کے دورے کے بعد بنوں میں آئی ڈی پیز کے بکاخیل کیمپ پہنچے۔ آرمی چیف نے قبائلی عمائدین سے ملاقات کی۔ متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاکستان قبائلیوں کی مدد سے آزاد کروایا گیا۔ آج بھی ان کی مدد سے ہی شمالی وزیرستان کو دشمن کے چنگل سے چھڑائیں گے۔
آرمی چیف نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے بیشترعلاقوں کو دہشت گردوں سے صاف کر دیا گیا ہے چند ایک علاقے رہ گئے ہیں جو جلد ہی کلیئر کر دیئے جائیں گے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ قبائلی جلد ہی اپنے علاقوں میں واپس جائیں گے جہاں قبائلی میزبان اور وہ ان کے مہمان بنیں گے۔
اس سے پہلے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کور ہیڈ کوارٹرز ملتان کا دورہ کیا جہاں انھیں آپریشنل، انتظامی اور تربیتی امور پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ مسلح افواج کی بہترین آپریشنل تیاریاں دشمن کے خلاف موثر دفاع ہیں۔ اندرونی خطرات اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری بھی فوج کا طرہ امتیاز رہا ہے۔
آرمی چیف نے تربیت کے معیار اور جوانوں کے حوصلے کو سراہا۔ آرمی چیف نے کور کی سطح پر آرمرڈ فارمیشن کی فیلڈ ٹریننگ دیکھی جس میں آرمرڈ، آرٹلری، انفنٹری، ایئر ڈیفنس اور لائٹ کمانڈو بٹالین نے حصہ لیا۔ آرمی چیف نے ملتان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔