افغانستان میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی بھی مکمل، نتائج کا اعلان چند روز میں

Afghanistan Voting

Afghanistan Voting

کابل (جیوڈیسک) اس سے پہلے افغانستان کے صدارتی امیدوار عبداللہ عبداللہ نے انتخابات کی دوبارہ گنتی کے دوران دھاندلی کے خدشات پر اپنی ٹیم کو واپس بلا لیا تھا۔ ان کے حریف اشرف غنی نے بھی اقوامِ متحدہ کی درخواست پر اپنی ٹیم کو واپس بلا لیا تھا۔

افغان صدارتی انتخابات کے دونوں امیدوار ایک دوسرے پر دھاندلی کا الزام عائد کرتے رہے ہیں۔ دونوں امیدواروں نے افغانستان میں قومی یکجہتی پر مشتمل حکومت بنانے پر اتفاق کیا تھا تاہم وہ کسی معاہدے تک پہنچنے میں ناکام رہے تھے۔

گزشتہ روز لندن میں نیٹو کے سربراہوں کو دونوں امیدواروں نے پیغام بھجوایا تھا کہ وہ جلد ہی یونٹی حکومت قائم کر لیں گے۔

یاد رہے کہ افغانستان کے صدارتی انتخابات کے لیے ووٹنگ جون میں ہوئی تھی تاہم دونوں امیدواروں کا ایک دوسرے پر دھاندلی کا الزام عائد کرنے کے بعد ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل جولائی میں شروع ہوا تھا۔