فیصل آباد : ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر وقار صادق نے ڈی سی او نورالامین مینگل کی ہدایات کی روشنی میں دریائے راوی کے اردگرد سیلاب سے متاثرہ علاقوں تاندلیانوالہ، ماڑی پتن، شیرازہ پتن، بھلے شاہ اور دیگر علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی جانب سے سیلاب کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے اپنے دورہ کے دوران شہریوں کو درپیش طبی مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے سیلاب زدہ علاقہ میں قائم تین میڈیکل کیمپوں کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے میڈیکل کیمپوں میں تعینات عملہ کو ہر وقت مستد رہنے اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے عملہ کو متنبہ کیا کہ کسی قسم کی کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی کسی شکایت کی صورت میں کوئی نرمی برتی نہیں جائے گی۔ ڈاکٹر وقار صادق نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تاندلیانوالہ اور سمندری کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ صاحبان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ہسپتالوں میں ایمرجنسی سے نپٹنے کے لیے ہنگامی اقدامات بروئے کار لائیں۔ سیلاب سے متاثرہ افراد کو طبی سہولیات کی فراہمی ممکن بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔ انہوں نے سپروائزری سٹاف کو میڈیکل کیمپوں سے رابطہ رکھنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔