پنجاب، کشمیر میں بارشوں سے 170 ہلاک، درجنوں زخمی

Punjab Rainfall

Punjab Rainfall

پنجاب (جیوڈیسک) پاکستان کے صوبہ پنجاب، پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر اور شمالی علاقہ جات میں گذشتہ تین دن سے ہونے والی شدید بارشوں کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 170 تک پہنچ گئی ہے جبکہ دو سو سے زیادہ افراد زخمی ہیں۔

قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے این ڈی ایم اے کی جانب سے سنیچر کی شام جاری کیے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق حالیہ بارشوں میں صوبہ پنجاب اور شمالی علاقوں میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 170 ہو گئی ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ صوبہ پنجاب میں بارشوں میں 174 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ 400 سے زیادہ مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے ہیں۔

قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے این ڈی ایم اے احمد کمال نے بی بی سی کو بتایا کہ تمام صوبوں میں بارشوں سے ہونے والی ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت بارشوں اور سیلاب کی صورتحال پر ہنگامی اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید، وزیر دفاع خواجہ آصف، سیکرٹری کابینہ ڈویژن، چیئرمین این ڈی ایم اے اور اور دیگر اعلٰی حکام شریک ہوئے۔

قدرتی آفات سے نمٹنے کے پاکستان کے قومی ادارے این ڈی ایم اے کے ترجمان نے بتایا ہے کہ پنجاب میں سب سے زیادہ افراد دارالحکومت لاہور میں مارے گئے جن کی تعداد 20 ہے۔

اس کے علاوہ سیالکوٹ میں 12، اوکاڑہ میں 6، گوجرانوالہ، جہلم، فیصل آباد میں پانچ، پانچ، نارووال اور راولپنڈی میں چار چار، قصور اور سرگودھا میں دو، دو جبکہ چنیوٹ، شیخوپورہ، منڈی بہاؤالدین اورگجرات کے اضلاع میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

ادھر پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے کے اہلکار نے بی بی سی اردو کو بتایا ہے کہ سنیچر کو مزید 12 ہلاکتوں کے بعد اب کشمیر میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ، ندی نالوں میں طغیانی اور گھروں کی چھتیں گرنے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 48 تک پہنچ گئی ہے۔

اہلکار کے مطابق یہ 12 افراد حویلی کے علاقے میں ہلاک ہوئے جہاں اب ہلاکتوں کی کل تعداد 19 تک پہنچ گئی ہے۔

اس کے علاوہ سدھ نوتی میں 12، کوٹلی میں سات، راولاکوٹ میں چار، بھمبر میں تین، باغ میں دو اور میرپور میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

ایس ڈی ایم اے کے مطابق پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں مکمل اور جزوی طور پر تباہ ہونے والے مکانات کی تعداد 3700 سے تجاوز کر گئی ہے۔

مقامی صحافی مرزا اورنگزیب جرال کے مطابق کشمیر کو اسلام آباد سے ملانے والی سڑک اب بھی بند ہے۔ تاہم مظفر آباد سے ایبٹ آباد جانے والا راستہ چھوٹی گاڑیوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

صوبہ پنجاب میں بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کابینہ کی دو کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں جن میں سے ایک لاہور جبکہ دوسری پنجاب کے دوسرے شہروں میں امدادی کارروائیوں کی نگرانی کرے گی۔

وزیرِ اعلیٰ نے صوبائی وزرا اور سیکریٹریوں کو فیلڈ میں موجود رہنے اور متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپ لگانے کی ہدایات کے علاوہ کسی بھی علاقے سے انخلا کی صورت میں آبادی کو رہائش اور کھانا فراہم کرنے اور متاثرین کے مویشیوں کے لیے چارے کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم بھی دیا ہے

لاہور میں مسلسل بارش کے باعث کاروبار زندگی معطل ہوکر رہ گیا ہے۔ نکاسی آب کے لیے انتظامات کے باوجود شدید بارش کی وجہ سے کئی علاقوں میں پانی کھڑا ہے۔ نشیبی علاقوں میں پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو چکا ہے۔

بارش کے باعث جگہ جگہ ٹریفک جام ہے اور شہر میں سو کے قریب فیڈر ٹرپ ہوجانے سے بجلی کی بندش سے بھی شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

بارشوں کی وجہ سے پنجاب کے دیہی علاقوں میں سینکڑوں ایکٹر زرعی اراضی بھی زیرآب آگئی ہے اور فصلیں تباہ ہوچکی ہیں۔