بحران سے نکلنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن حالات مایوسی کی طرف جارہے ہیں، سراج الحق

Siraj-ul-Haq

Siraj-ul-Haq

کراچی (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ سیاسی قیادت بحران سے نکلنے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے لیکن حالات مایوسی کی طرف جارہے ہیں۔ سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کے بعد بلاول ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ عوامی تحریک اور تحریک انصاف کی جانب سے سیاسی جرگے کو اپنے مطالبات پیش کر دیئے گئے ہیں

جو ہم نے حکومت تک پہنچا دیئے اور حکومت کی جانب سے بھی اس پر جواب دیا گیا ہے، دونوں جماعتوں کا آخری نکتہ وزیراعلی پنجاب اور وزیراعظم نواز شریف کا استعفیٰ ہے جس کے لیے متبادل تجویز پیش کی ہے اور ایسا راستہ نکال رہے ہیں جس میں تمام فریقین کو راضی کرلیا جائے۔

سراج الحق نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ آزادی وانقلاب مارچ کے نتیجے میں جمہوریت اور آئین کا خاتمہ ہو اور یہ بھی نہیں چاہتے کہ فریقین کے درمیان پھر سے ڈیڈلاک پیدا ہو اور مسئلہ جوں کا توں رہ جائے کیونکہ اس بحران کے باعث قوم ہیجان کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بحرانوں کا شکار اور اسمبلی میں سیاسی تناؤ کی کیفیت ہے جبکہ سیاسی قیادت بحران سے نکلنے کی ہرممکن کوشش کررہی ہے لیکن حالات مایوسی کی طرف جارہے ہیں۔