کراچی (جیوڈیسک) سیاسی بحران کے حل کے لیے اپوزیشن جماعتوں کے جرگہ کے سربراہ اور جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کو واضح پیغام بھیجا ہے کہ دونوں قائدین وزیراعظم نواز شریف کے استعفیٰ کے مطالبے پر نظرثانی نہیں کرسکتے تو اپنا حتمی لائحہ عمل سے سیاسی جرگہ کو آگاہ کردیں۔
سراج الحق کے پیغام کو دونوں جماعتوں کی مذاکراتی کمیٹی کے اہم اراکین کے توسط سے عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری کو بھیجا گیا ہے۔ اس پیغام میں کہا گیا ہے حتمی پالیسی سے فورا آگاہ کر دیا جائے، اگر جرگہ کی تجاویز قابل قبول ہیں تو آگاہ کردیں تاکہ حتمی مصالحتی فارمولا تشکیل دیا جاسکے، ان کو آگاہ کیا گیا ہے کہ استعفیٰ کے مطالبے کے علاوہ حکومت نے تمام مطالبات کے حل کے لیے آمادگی ظاہر کردی ہے۔ اب آپ دونوں قائدین کے جواب کا انتظار ہے، اگر لچک کا مظاہرہ نہ کیا گیا تو جرگہ مذاکراتی عمل سے الگ ہو جائے گا۔
سراج الحق کے پیغام کے بعد پی ٹی آئی اور پی اے ٹی میں مشاورت جاری ہے، جرگے کی متبادل تجاویز پر غور جاری ہے ،اس معاملے کو حل کرنے کے لیے مذاکراتی رابطے آخری مراحل میں ہیں، جرگہ کے ارکان کو توقع ہے کہ ان قائدین کی جانب سے مثبت جواب آئے گا۔