کراچی (خصوصی رپورٹ) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور صوبائی وزیر بلدیاتی شرجیل انعام میمن کے احکامات پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن میں میونسپل ایمرجنسی کا نفاذ کرکے افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرکے شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زون کے افسران وعملے کو الرٹ اور تمام مشنری تیار رکھنے ہدایت کرتے ہوئے کہاہے۔
دوران برسات عوام کو بروقت سہولیات کی فراہمی اور کسی بھی ناگہانی آفات سے بروقت نمٹنے کے لئے یونین کونسل کی سطح پر شکایتی مراکز کو فعال کیا جائے ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے ضلع کورنگی کا تفصیلی دورہ کرکے نکاسی آب کے نظام کے حوالے سے برساتی نالوں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سپرٹینڈنگ انجینئر بلدیہ کورنگی پریم چند ،شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی کے فوکل پرسنز بھی موجود تھے ،دورے کے موقع پر تمام زونز نے رین ایمرجنسی کنٹی جنسی پلان کے حوالے سے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی کو تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر عبدالراشد خان نے کہاکہ ضلع کورنگی میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنا نے کے لئے برساتی نالوں پر قائم غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کا فوری خاتمہ کرکے برساتی نالوں کی مکمل صفائی کو ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنا یا جائے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نے بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے مقامی افسران کے باہمی تعاون کے ذریعے نکاسی آب کے نظام کی درستگی کے لئے سیوریج فلو کے حوالے سے شکایات کے ازالے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔
ایڈمنسٹریٹر عبدالراشد خان نے ضلع کورنگی کے تمام زونز کے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی سہولیات کے حوالے سے شکایات کے ازالے لئے شکایتی مراکز کو فعال بنایا جائے علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی اور جراثیم کش ادویات کے اسپرے کی انجام دہی کے حوالے سے انتظامات کو مزید بہتر بنا یا جائے۔