سیلاب سے پنجاب کے 600 سے زیادہ دیہات ڈوب گئے

Flood

Flood

اسلام آباد (جیوڈیسک) سیلاب سے پنجاب کے 600 سے زیادہ دیہات ڈوب گئے۔بستیاں اجڑ گئیں، سڑکیں بہہ گئیں،،ہزاروں افراد کُھلے آسمان تلے رات گزارنے پر مجبور۔ پاک فو ج کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ 2300 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔دریائے چناب کے سیلابی ریلے کئی ایسے گھرانوں کو تباہ کرگئے جو کل تک دوسروں کی مدد کرتے تھے مگر آج خود محتاج اور مدد کے منتظر ہیں۔

دریائے چناب کی بے رحم سیلابی موجیں اپنے راستے میں آنے والی ہر رکاوٹ کو تہس نہس کرتے ہوئے آگے بڑھ رہی ہیں، سیکڑوں دیہات زیر آب آگئے، فصلیں تباہ ہوگئیں، مکانات بہہ گئے۔ لوگ زندگی بچانے کے لیے محفوظ مقامات پرمنتقل ہورہے ہیں۔ اورحکومتی امداد نہ ملنے کا شکوہ کرتے نظر آرہے ہیں۔

شیر خوار بچے بھوک سے بلک رہے ہیں،کل تک جو ہاتھ محتاجوں کو امداد دیتے تھے وہ آج خود دوسروں کے آگے پھیلے ہوئے ہیں۔حافظ آباد اور منڈی بہاءالدین کے درمیان سڑک پر بیٹھے متاثرین کی فریاد ہے کہ حکومت مشکل کی اس گھڑی میں ان کی داد رسی کرے۔