ممبئی (جیوڈیسک) پاکستان کے معروف ٹی وی ادکار عمران عباس کی پہلی بھارتی فلم ’’کریچر 3 ڈی‘‘ کے ہدایت کار وکرم بھٹ نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو فلم دیکھنے کی دعوت دے ڈالی۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے نام کھلے خط میں ’’کریچر 3 ڈی ‘‘ کے ہدایت کار وکرم بھٹ نے کہا ہے کہ ان کی ہدایت میں بننے والی یہ فلم کئی لحاظ سے بھارت کی فلم انڈسٹری کے لئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ ’’کریچر 3ڈی ‘‘ بھارت کی پہلی فلم ہے جس کا ولن حقیقی نہیں بلکہ مکمل طور پر اینیمیٹڈ ہے جسے جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے تخلیق کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی غیر ملکی کی مدد نہیں لی گئی۔ بحیثیت وزیر اعظم بھارت کے لاکھوں ہنرمندوں اور تعلیم یافتہ لوگوں کی امیدوں کا محور ہیں کیونکہ وہ پہلے وزیر اعظم ہیں جو بھارت میں جدید ترین ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے عملی اقدام بھی کرتے ہیں۔ اس لئے وہ سمجھتے ہیں کہ وزیراعظم اپنے قیمتی وقت سے کچھ وقت ان کی فلم کے لئے نکالیں گے۔
واضح رہے کہ ’’کریچر 3ڈی‘‘ میں بپاشا باسو کے مدمقابل ہیرو کا کردار پاکستان کے معروف ٹی وی اداکار عمران عباس ادا کررہے ہیں، فلم 12 ستمبر کو بھارت سمیت دنیا بھر کے سینما گھروں کی زینت بنے گی۔