نارووال (جیوڈیسک) وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف آئین کی سربلندی اور جمہوریت کے تسلسل پر یقین رکھتے ہیں۔ پارلیمنٹ اور جمہوریت کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہوسکتی۔
وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے نارووال سمیت سیلاب سے متاثرہ دیگر علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیراعلی پنجاب نے فلڈ ریلیف کیمپ میں راشن بھی تقسیم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت ملک میں اچانک آنے والی اس آفت سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہے، جب تک سیلاب متاثرین کے مسائل حل نہ ہوجائیں وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ وہ سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں پرپاک فوج کی شکر گزار ہیں۔
میاں شہباز شریف کاکہنا تھا کہ پاک فوج شمالی وزیرستان میں ملک کی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے۔ اس جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے۔ پارلیمنٹ اور جمہوریت کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہوسکتی۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف آئین کی سربلندی اور جمہوریت کے تسلسل پر یقین رکھتے ہیں۔