کراچی (جیوڈیسک) اسلام آباد، لاہور اور کراچی پریس کلب کے صدر اور سیکریٹریز نے بھی جیوکے دفتر پر حملے کو افسوس ناک قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتیں اپنے کارکنوں کو روکیں اور حکومت اپنی ذمہ داری ادا کرے۔ کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز فاران نے اپنے ردعمل میں کہا کہ کسی کو جیو سے شکایت ہے تو اسے چاہیے کہ متعلقہ اداروں سے رجوع کرے۔
نیشنل پریس کلب کے سیکریٹری طارق چوہدری نے کہا کہ دھرنوں کے آغاز سے بالخصوص جیونیوز کو نشانہ بنایا جارہاہے، دھرنوں کی قیادت سے بار بار شکایت کی گئی ہے لیکن کوئی اثر نہیں۔ سیکریٹری جنرل لاہور پریس کلب شہباز میاں نے بھی جیونیوز پر حملے کی ذمہ داری دھرنا دینے والی قیادت پر ڈالی کہ غیر ذمہ دارانہ بیانات سے کارکنوں کو اشتعال دلایا جاتا ہے۔