کابل (جیوڈیسک) افغانستان کی عدالت نے خواتین کے ساتھ اجتماعی زیادتی کا جرم ثابت ہونے پر 7 افراد کو سزائے موت سنا دی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کی ایک عدالت نے 4 خواتین کو اغوا کے بعد تشدد اور پھر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا جرم ثابت ہونے پر 7 افراد کو سزا ئے موت سنادی ہے۔ کیس کی سماعت کے موقع پر تمام ملزمان عدالت میں موجود تھے اور انھوں نے ملزمان کے لئے مخصوس لباس پہن رکھا تھا جب کہ مشتعل مظاہرین کی ایک بڑی تعداد نے عدالت کو گھیر رکھا تھا۔
اس سے قبل اٖفغان صدر حامد کرزئی نے بھی کہا تھا کہ خواتین کے ساتھ اجتماعی زیادتی کرنے والوں کو پھانسی پر لٹکایا جائے گا۔ واضح رہے کہ ان ساتوں افراد پر الزام تھا کہ انھوں نے 23 اگست کو افغان شہر پاگھمان سے شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس کابل آنے والے گاڑیوں کے قافلے کو روکا اور اسلحے کے روز پر 4 خواتین کو گاڑیوں سے باہر نکالا، انھیں تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر ان کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی۔