ریاض (جیوڈیسک) سعودی شاہ عبد اللہ نے بحرین کے شاہ حمد بن عیسی کی موجودگی میں سرحدی دفاع کے حوالے سے ایک نئے منصوبے کے پہلے مرحلے کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس دفاعی منصوبے میں تین ہزار تین سو ترانوے زیر تربیت اہلکار اور ساٹھ تربیت کار شریک ہوں گے۔
اس سلسلے میں آٹھ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹرز کے علاوہ 32 تفتیشی مراکز بھی قائم کیے گئے ہیں۔ پہلے مرحلے کے لیے تین سریع الحرکت یونٹس بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔ سرحدوں پر موجود دستوں کے باہمی رابطوں کے لیے 78 مراکز، جبکہ 85 مراکز نگرانی کے مقاصد پورے کرنے کے لیے ٹاورز کی صورت میں موجود ہوں گے۔
سرحدی حفاظت کے منصوبے کے تحت دس کی تعداد میں تیز رفتار اور جدید ترین گاڑیاں حاصل کی گئی ہیں۔ اسی طرح 50 ریڈارز کی بھی مدد لی گئی ہے اور 900 کلومیٹر طویل سرحدی باڑ کھڑی کی جائے گی۔
شاہ عبداللہ کو دی گئی بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ ان اقدامات کے نتیجے میں مداخلت کاروں، دہشت گردوں اور سمگلروں کی آمدو رفت مکمل طور پر نا ممکن ہو جائے گی۔ یہ بھی بتایا گیا کہ دفاعی منصوبے پر عمل درآمد کو مانیٹر کرنے کے لیے چار مختلف جگہوں پر دفاعی کمپلیکس بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔
شاہ عبداللہ کے جدہ پیلس میں بحرینی فرمانروا کے ساتھ شاہ عبداللہ کو وزیر داخلہ شہزادہ محمد بن نائف نے بریفنگ دی اور بعد ازاں شاہ عبداللہ نے اس اہم دفاعی منصوبے کا افتتاح کیا۔