اسلام آباد (جیوڈیسک) این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور سیلاب کے باعث اب تک دو سو پانچ افراد جاں بحق اور دو سو سے زائد زخمی ہوئے، دس ہزار افراد کو ریسکیو کر لیا گیا، ترجمان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی احمد کمال کا کہنا ہے کہ شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں دو سو پانچ افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
پنجاب میں ایک سو اکتیس، آزادکشمیر میں تریسٹھ اور گلگت بلتستان میں گیارہ ہلاکتیں ہوئیں،انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں پاک فوج، ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو اور ضلعی انتظامیہ کی مدد سے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
احمد کمال نے کہا کہ بڑے سیلابی ریلے کے باعث تریموں بیراج کے اوپر بند کو توڑا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ ریلیف کیمپوں میں سیلاب متاثرین کو اشیائے خوردونوش اور ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔