حکومت کی ناکام تعلیمی پالیساں شرح خواندگی میں کمی کی وجہ ہیں : زبیر حفیظ

Lahore

Lahore

لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہاہے کہ قوموں کی ترقی اور خوشحالی کے لئے شرح خواندگی میں اضافہ ناگزیر ہے۔ حکومت کی ناکام تعلیمی پالیسیاں شرح خواندگی میں کمی وجہ ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم خواندگی کے موقع پر سید مودودی اکیڈمی میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کے حصول کو آسان بنایا جائے تاکہ ملک میں کوئی بھی فرد تعلیم سے محروم نہ رہ سکے، شرح خواندگی میں اضافے کے لئے تعلیم کو مفت کیا جائے۔ غریب خاندانوں کے لئے وظائف کا انتظام کیا جائے تاکہ ان کے بچے چائلڈ لیبر کا شکار نہ ہوں بلکہ تعلیم حاصل کر سکیں۔ تعلیم کے بجٹ میں اضافہ کیا جائے اور مستحق طلبہ و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے لئے وظائف دیئے جائیں۔

ملک میں شرح خواندگی میں کمی کی وجہ مہنگی تعلیم ہے تعلیم کو مفت کیا جائے تاکہ ہر فرد زیور تعلیم سے آراستہ ہو سکے: عالمی یوم خواندگی کے موقع پر سیمینار سے خطاب مفت تعلیم ، یکساں نظام تعلیم ، ناقص نظام تعلیم کا سدباب ، سیلف فنانس سسٹم کا خاتمہ اور یکساں تعلیمی پالیسی کا نفاذ کیا جائے۔زبیر حفیظ نے مزید کہا کہ ناخواندگی کی بڑھتی ہوئی شرح کی بنیادی وجوہات ناکام حکومتی پالیسیاں، غربت ، مہنگی تعلیم اور درجنوں نظام ہائے تعلیم ہیں۔ خواتین کی بہتری اور ان کی بہتر تعلیم کے لئے علیحدہ کالجز اور یونیورسٹیز کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ انہیں بھی تعلیم حاصل کرنے کے برابر مواقع فراہم کئے جائیں ۔سرکاری تعلیمی اداروں میں نشستوں کی کمی نے نجی سیکٹر کو فروغ دیا ہے جو حکومت کی ناکامی کا ایک واضح ثبوت ہے۔