کراچی (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر عبدالقادر پٹیل ،سیدنجمی عالم اورمنظور عباس نے عمران خان کے بیان کہ آصف علی زرداری نے سندھ میں دھاندلی کرائی کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے اپوزیشن کے مطالبے اور منظوری سے چیف الیکشن کمشنر فخر الدین جی ابراہیم کو تعینات کیا اور جیسے ہی الیکشن مہم کا آغاز ہوا تھا اسی وقت پی پی کپتان کے اب لگائے جانے والے تمام الزامات کو منظر عام پر لے آئی تھی مگر اس وقت عمران خان کو ہرا ہرا نظر آرہا تھا۔
اگر اس وقت تمام سیاسی جماعتیں ہماری بات پر کان دھر لیتیں تو آج نہ احتجاج ہوتا اور نہ ہی دھرنا دینا پڑتا۔پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان اگر واقعی حقیقی انقلاب لانا چاہتے ہیں تو کے پی کے میں جاکر حکومت سنبھالیں اور نیا پاکستان کے بجائے نیا کے پی کے بنائیں اور انکے پاس ابھی 4 برس ہیں، ان چار برس میں صوبے بھر کے تمام تعلیمی اداروں کو جنہیں ان کے سرپرست طالبان نے بم برسا کر مسمار کردیے ہیں، انہیں نئے سرے سے تعمیر کریں۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کی خواہش وزیراعظم بننے کی ہے جو میوزیکل کنسرٹ سے پوری نہیں ہوگی۔ بلکہ اس کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہوگی۔