مظفرآباد (جیوڈیسک) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ مسلم کانفرنس متاثرین سیلاب کو کسی صورت میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے بحالی اور امداد کے کاموں میں ہرممکن کردار اداکیا جائے گا۔وہ منگل کے روز یہاں گیلانی ہاؤس روانی میں ضلعی صدر سید مرتضیٰ گیلانی کی طرف سے دیئے گئے عشا ئیہ سے خطاب کر رہے تھے سردار عتیق احمد خان نے کہاکہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے آزاد کشمیر کا بڑا حصہ متاثر ہوا ہے۔ 1992ء میں بھی آزادکشمیر اسی صورت حال سے دوچار ہوا تھا اس وقت مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان کی حکومت نے ملکی، غیرملکی اداروں اور این جی اوز کو متاثرین کی امداد اور بحالی کے لیے سرگرم کیا تھا۔
جس سے تباہ کن سیلاب کا مقابلہ کیا گیا آج بھی حکومت کو اسی وژن پر عمل کر کے بیرون ملک مقیم کشمیری کمیونٹی اور این جی اوز کو متحرک کرنا چا ہئے سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مسلم کانفرنس کے کارکن اور بیرونی شاخیں بھی اس حوالے سے اپنا سرگرم کردار ادا کریں اس کام کو محض نااہل سیاسی حکومتوں پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج اس مشکل مرحلے میں متاثرین کی مدد کے لیے پیش پیش ہے قوم کے سر پاک فوج کے احترام میں جھکے ہوئے ہیں۔جو ایک طرف شمالی وزیرستان میں ملکی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے تو دوسری طرف متاثرین کی مدد میں مصروف ہے ہم پاک فوج کو سلام پیش کرتے ہیں، عشائیہ میں مسلم کانفرنس کے ڈویژنل صدر دیوان علی خان چغتائی سابق وزیر محمد حنیف اعوان راجہ ثاقب مجید میر عتیق الرحمان،اظہرگیلانی،ہٹیاں بالا کے صدر عنصر پیرزادہ، خواجہ محمد شفیق، مشتاق قریشی، ضلعی سیکرٹری اطلاعات ہارون آزاد نے شرکت کی۔