ممکنہ برسات اور بلدیاتی مسائل کے حوالے سے حق پرست اراکین اسمبلی کی صدارت میں بلدیہ کورنگی کے افسران کا اجلاس

Iqbal Muhammad Ali Khan

Iqbal Muhammad Ali Khan

کراچی (خصوصی رپورٹ )حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے کہاکہ بلدیاتی نظام کی عدم موجودگی کے باعث شہر کراچی کھنڈرات میں تبدیل ہوچکا ہے اور علاقائی سطح پر عوام بنیادی مسائل سے دو چار ہیں ،رین ایمرجنسی پلان کے دعوے صرف دعوے کی حد تک ہیں کسی بھی قسم کا کوئی عملی اقدام نہیں کیا جارہا ہے شہرکراچی کے بلدیاتی اداروں کا کوئی پر سان حال نہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے حق پرست اراکین اسمبلی سید خالد احمد اور نشاط محمد ضیاء قادری کے ہمراہ شاہ فیصل ٹائون ،کورنگی ٹائون اور لانڈھی ٹائون میں بڑھتے ہوئے عوامی مسائل اور ممکنہ برسات کے پیش نظر بلدیاتی اداروں کی جانب سے ترتیب دیئے گئے رین ایمرجنسی پلان کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا

اس موقع پر بلدیہ کورنگی کے ایڈمنسٹریٹر عبدالراشد خان ،میونسپل کمشنر مسرور میمن ،تمام ٹائونز کے فوکل پرسن کے علاوہ بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں کے ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔حق پرست اراکین اسمبلی بلدیاتی افسران پر زور دیا کہ علاقائی سطح پر بڑھتے ہوئے مسائل کا فوری تدارک کرنے کے لئے محکمانہ کاوشوں کو بروئے کار لایا جائے ،ممکنہ برسات کے انتظامات کے حوالے سے اراکین اسمبلی نے متعلقہ افسران کو نکاسی آب کے نظام کی درستگی اور برساتی نالوں کی صفائی کے حوالے سے ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ دوران برسات عوام کو سہولت کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں، شاہ فیصل، لانڈھی اور کورنگی میں برساتی نالوں کی صفائی کے حوالے سے تفصیلات معلوم کرنے کے بعد حق پرست اراکین اسمبلی نے بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے حوالے سے انتظامات کی بہتری اور صفائی وستھرائی اور صحت مند ماحول کے قیام کے حوالے سے انتظامات کو تیز کیا جائے۔

اراکین اسمبلی نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی سے مطالبہ کیا کہ گولڈن ٹائون نالہ ،چکورہ نالہ ناتھا خان گوٹھ اور 8000 ہزارروڈ کورنگی سمیت بڑے برساتی نالے جو کے ایم سی کے کنٹرول میں ہیں ہنگامی بنیادوں پر صفائی کو یقینی بنا ئی جائے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اراکین اسمبلی سید خالد احمد اور نشاط محمد ضیاء قادری نے بلدیہ کورنگی کے افسران کو ہدایت کی کہ ممکنہ برسات سے نمٹنے اور برسات کی تباہ کاریوں سے عوامی زندگیوں کو محفوظ بنا نے کے لئے رین ایمرجنسی پلان ترتیب دیا جائے تمام دستیاب مشنری کو درست حال میں اور عملے کو الرٹ رکھا جائے۔